کشیدگی کے باوجود امریکا اور ایران کے درمیان رابطے جاری ہیں: وائٹ ہاؤس

کشیدگی کے باوجود امریکا اور ایران کے درمیان رابطے جاری ہیں: وائٹ ہاؤس

Jul 17, 2026|ویب ڈیسک

واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک) وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ حالیہ کشیدگی کے باوجود امریکا اور ایران کے درمیان رابطے جاری ہیں، جبکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اب بھی سفارتی مذاکرات کے لیے آمادہ ہیں۔وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری کیرولائن لیویٹ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایران امریکا سے کیے گئے وعدوں کی خلاف ورزی کرتا ہے تو صدر ٹرمپ اسے جواب دہ ٹھہرائیں گے، تاہم سفارت کاری کا راستہ اب بھی کھلا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ایران نے معاہدے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان بات چیت جاری ہے۔ ان کے مطابق صدر ٹرمپ نے سفارتی کوششوں کے دروازے بند نہیں کیے، تاہم آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں پر حملے کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے اور ایران کو ایسے اقدامات کی قیمت چکانا پڑے گی۔کیرولائن لیویٹ نے کہا کہ صدر ٹرمپ پہلے ہی خبردار کر چکے ہیں کہ اگر ایران مذاکرات کی میز پر واپس نہ آیا تو امریکا اپنی کارروائیوں کا دائرہ مزید وسیع کرتے ہوئے اہم تنصیبات، بشمول بجلی گھروں اور پلوں، کو بھی نشانہ بنا سکتا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ایران میں ایک سکول پر ہونے والے حملے سے متعلق تحقیقات جاری ہیں، جبکہ امریکی مؤقف کے مطابق امریکی فوج جان بوجھ کر بچوں یا عام شہریوں کو نشانہ نہیں بناتی۔وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری نے الزام عائد کیا کہ ایران نے آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں پر حملے کرکے مفاہمتی یادداشت کی خلاف ورزی کی، جس کے بعد حالیہ امریکی کارروائیاں کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا اور اسے اپنے اقدامات کے نتائج کا سامنا کرنا ہوگا۔