پاکستان کی دو خواتین سیلرز نے انٹرنیشنل سیلنگ جج بننے کی طرف پہلا قدم اٹھا لیا

1 گھنٹے قبل
پاکستان کی دو خواتین سیلرز نے انٹرنیشنل سیلنگ جج بننے کی طرف پہلا قدم اٹھا لیا

لاہور ( سپورٹس ڈیسک)پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار دو خواتین سیلرز نے انٹرنیشنل سیلنگ جج بننے کے لیے ابتدائی مرحلہ کامیابی سے مکمل کر لیا ہے۔زویا اسد علی اور مہناز جمیل نے تھائی لینڈ میں ہونے والے ورلڈ سیلنگ کے انٹرنیشنل سیمینار میں شرکت کی اور بعد ازاں امتحان میں نمایاں کامیابی حاصل کی۔دونوں کھلاڑیوں کا تعلق پاکستان ایئر فورس کے یاٹ کلب سے ہے، جبکہ زویا اسد علی معروف انٹرنیشنل ریس آفیسر کیپٹن ارشد کی نواسی بھی ہیں۔رپورٹ کے مطابق دونوں خواتین سیلرز کو آئندہ 4 سال کے دوران کم از کم 3 انٹرنیشنل ایونٹس میں بطور آفیشل شرکت کرنا ہوگی، جس کے بعد ان کی کارکردگی کی بنیاد پر انہیں انٹرنیشنل سیلنگ جج کا درجہ دیا جائے گا۔واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان کے تین افراد انٹرنیشنل سیلنگ ججز کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں، جن میں کیپٹن ذکاء اللہ چوہدری، ریٹائرڈ ایڈمرل خالد محمود اختر اور کیپٹن ارشد شامل ہیں۔