ٹوچل کی والدین سے اپیل، بچوں کو انگلینڈ کا میچ دیکھنے دیں
لندن( سپورٹس ڈیسک) انگلینڈ کی فٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ تھامس ٹوچل نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو میکسیکو کے خلاف ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ میچ کے لیے دیر تک جاگنے کی اجازت دیں تاکہ وہ اپنی قومی ٹیم کی حوصلہ افزائی کر سکیں۔راؤنڈ آف 32 میں کانگو کے خلاف کامیابی کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ٹوچل نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں اسکول جانے والے بچے بھی اتوار کی شب انگلینڈ اور میکسیکو کے درمیان ہونے والا راؤنڈ آف 16 کا میچ دیکھیں، چاہے اس کے لیے والدین کو اسکول انتظامیہ سے معذرت ہی کیوں نہ کرنا پڑے۔انہوں نے کہا کہ وقت کے فرق کے باعث یہ میچ انگلینڈ کے مقامی وقت کے مطابق رات ایک بجے شروع ہوگا، جبکہ اگر مقابلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ تک گیا تو اس کا اختتام صبح تقریباً چار بجے ہوگا۔ٹوچل کا کہنا تھا کہ فیفا ورلڈ کپ ہر چار سال بعد آتا ہے، اس لیے یہ ایک خاص موقع ہے۔ ان کے مطابق اس معاملے پر انگلینڈ میں والدین کی رائے تقسیم ہے، کچھ چاہتے ہیں کہ بچے وقت پر سو جائیں، جبکہ دیگر کی خواہش ہے کہ بچے میچ بھی دیکھیں اور پھر صبح اسکول کے لیے بھی تیار ہوں۔