ٹرمپ کی ایران کو حملے کی صورت میں 20 گنا طاقت سے جواب دینے کی دھمکی
واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو ایک بار پھر سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر تہران نے امریکا یا اس کے مفادات کو نشانہ بنایا تو ہر حملے کے جواب میں 20 گنا زیادہ طاقت کے ساتھ کارروائی کی جائے گی۔ایئر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکا ایران کے خلاف فوجی محاذ پر پہلے ہی کامیابی حاصل کر چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کے پاس اب محدود وسائل باقی رہ گئے ہیں اور وہ معاہدہ کرنے کا خواہاں ہے، تاہم انہیں خدشہ ہے کہ ایران کسی معاہدے کی مکمل پاسداری نہیں کرے گا۔ٹرمپ سے جب سوال کیا گیا کہ اگر ایران مذاکرات چاہتا ہے تو پھر اس نے تجارتی جہازوں کو کیوں نشانہ بنایا، تو امریکی صدر نے جواب دیا کہ ایران کے حالات قابو سے باہر دکھائی دیتے ہیں، تاہم وہ معاہدہ کرنا چاہتا ہے۔امریکی صدر نے مزید کہا کہ امریکا نے ایران کو سخت جواب دیا ہے اور اگر مستقبل میں ایران کی جانب سے دوبارہ حملہ کیا گیا تو اس کا جواب کئی گنا زیادہ شدت سے دیا جائے گا۔جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا امریکا دوبارہ ایران کے ساتھ مکمل فوجی تنازع کی جانب بڑھ رہا ہے، تو ٹرمپ نے کہا کہ وہ اس حوالے سے کچھ نہیں بتا سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کے پاس کامیابی کے کئی راستے موجود ہیں، تاہم فوجی اعتبار سے امریکا پہلے ہی کامیاب ہو چکا ہے۔