اباسین خبر

ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کا اعلان، کچھ شہروں میں ریلیف جبکہ دیگر میں انتظار برقرار

ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کا اعلان، کچھ شہروں میں ریلیف جبکہ دیگر میں انتظار برقرار

 اسلام آباد( کامرس ڈیسک)ملک میں ڈیزل کی قیمت میں کمی کے بعد ٹرانسپورٹ سیکٹر میں کرایوں میں کمی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔آل پاکستان پبلک ٹرانسپورٹ اونرز فیڈریشن نے بسوں کے کرایوں میں 15 فیصد کمی کا اعلان کیا ہے۔اس سے قبل گڈز ٹرانسپورٹرز نے بھی 15 فیصد جبکہ منی مزدا گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے 10 فیصد کرایوں میں کمی کا فیصلہ کیا تھا۔پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد گوجرانوالہ کے ٹرانسپورٹرز نے بھی کرایوں میں کمی کر دی ہے، تاہم مظفر گڑھ میں انٹر سٹی ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں ابھی تک کوئی کمی نہیں کی گئی۔شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے کرایوں میں فوری کمی کے لیے اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔دوسری جانب پشاور میں ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی نہ ہونے پر شہریوں نے ناراضی کا اظہار کیا ہے۔ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے ابھی تک نیا کرایہ نامہ جاری نہیں کیا گیا، جس کے باعث کرایوں میں مکمل طور پر کمی نافذ نہیں ہو سکی۔