لاہور میں ٹیکسٹائل ایشیا 2026، صنعت کے لیے بڑے مواقع متوقع
لاہور( کامرس ڈیسک) پاکستان کی ٹیکسٹائل صنعت میں جدید ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری اور برآمدات کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت جاری ہے، جس کے تحت 32 ویں ٹیکسٹائل ایشیا انٹرنیشنل نمائش و کانفرنس 4 سے 6 جولائی 2026 تک لاہور ایکسپو سینٹر میں منعقد ہوگی۔ایس آئی ایف سی اور ای کامرس گیٹ وے پاکستان کے زیرِ اہتمام ہونے والی اس نمائش کو جنوبی ایشیا کی سب سے بڑی ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور ٹیکسٹائل و گارمنٹ مشینری نمائش قرار دیا جا رہا ہے۔نمائش میں 2 ہزار سے زائد عالمی برانڈز، 425 سے زائد کمپنیاں اور 57 ہزار سے زائد تجارتی شرکاء کی شرکت متوقع ہے، جبکہ چین، ترکیہ، جرمنی، اٹلی، جاپان، کوریا، ملائیشیا اور روس سمیت متعدد ممالک اس میں حصہ لیں گے۔منتظمین کے مطابق ٹیکسٹائل ایشیا 2026 جدید ٹیکنالوجی، ویلیو ایڈیشن، برآمدات اور صنعتی جدت کے فروغ کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔ اسی موقع پر ایکو ٹیکسٹائل کانفرنس 2.0 میں عالمی ماہرین گرین مینوفیکچرنگ، قابلِ تجدید توانائی اور عالمی صنعتی رجحانات پر تبادلۂ خیال کریں گے۔نمائش کے دوران ٹیکسٹائل ویلیو چین سے متعلق مختلف بین الاقوامی ایونٹس میں جدید مشینری، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، کیمیکلز اور پائیدار حل پیش کیے جائیں گے، جس سے غیر ملکی سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور برآمدی صلاحیت میں اضافے کے نئے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔ایس آئی ایف سی کے تعاون سے یہ ایونٹ پاکستان کی ٹیکسٹائل صنعت کو عالمی سطح پر مزید مضبوط بنانے اور ویلیو ایڈڈ پیداوار کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔