تنخواہ دار طبقے کے لیے ٹیکس میں کمی کی تجاویز، سپر ٹیکس ختم کرنے کا مطالبہ

1 دن قبل
تنخواہ دار طبقے کے لیے ٹیکس میں کمی کی تجاویز، سپر ٹیکس ختم کرنے کا مطالبہ

 اسلام آباد( کامرس ڈیسک)اسلام آباد میں کاروباری برادری کی نمائندہ تنظیم نے آئندہ مالی سال دو ہزار چھبیس تا ستائیس کے بجٹ کے لیے حکومت کو اہم تجاویز پیش کی ہیں، جن میں تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دینے پر زور دیا گیا ہے۔تجاویز کے مطابق تنخواہ دار افراد پر عائد انکم ٹیکس کی زیادہ سے زیادہ شرح میں پانچ فیصد کمی کرتے ہوئے اسے پینتیس فیصد سے کم کر کے تیس فیصد کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ تنخواہ دار طبقے پر عائد نو فیصد اضافی سرچارج ختم کرنے کی بھی تجویز دی گئی ہے۔تنظیم نے آئندہ بجٹ میں سپر ٹیکس مکمل طور پر ختم کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ اس کے علاوہ برآمدات میں اضافہ یقینی بنانے کے لیے گڈز ٹرانسپورٹ کے شعبے کے لیے فائنل ٹیکس نظام بحال کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔تجاویز میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ آئی ٹی شعبے پر عائد پچیس فیصد برآمدی ٹیکس کی موجودہ شرح کو دو ہزار پینتیس تک برقرار رکھا جائے تاکہ اس شعبے میں استحکام قائم رہے۔مزید برآں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کے لیے کاروباری حد کو پچیس کروڑ روپے سے بڑھا کر پچاس کروڑ روپے کرنے کی سفارش کی گئی ہے، جبکہ مینوفیکچرنگ سیکٹر کے لیے انکم ٹیکس کی شرح انتیس فیصد سے کم کر کے بیس فیصد کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔کاروباری حلقوں کے مطابق یہ اقدامات معیشت میں بہتری، سرمایہ کاری کے فروغ اور روزگار کے مواقع بڑھانے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔