ننگرہار میں طالبان کے مقامی کمانڈر کی ہلاکت، سکیورٹی صورتِ حال پر سوالات اٹھنے لگے

ننگرہار میں طالبان کے مقامی کمانڈر کی ہلاکت، سکیورٹی صورتِ حال پر سوالات اٹھنے لگے

Jul 6, 2026|ویب ڈیسک

کابل( مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان کے صوبہ ننگرہار میں طالبان کے ایک مقامی کمانڈر کی فائرنگ سے ہلاکت کے بعد ملک کی سکیورٹی صورتِ حال اور داخلی چیلنجز ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔رپورٹس کے مطابق ننگرہار کے ضلع چپرحار میں جمعہ کے روز طالبان سے وابستہ مقامی کمانڈر، جن کی شناخت مسافر کے نام سے کی گئی ہے، اپنے آبائی علاقے میں موجود تھے کہ نامعلوم حملہ آوروں نے انہیں فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔اطلاعات کے مطابق واقعے کے بعد طالبان حکام نے تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے مقتول کمانڈر کے سگے بھائی کو بھی حراست میں لے لیا ہے۔ سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کمانڈر چھٹی کے دوران اپنے گھر آئے ہوئے تھے، جہاں انہیں نشانہ بنایا گیا۔سکیورٹی امور پر نظر رکھنے والے بعض تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ حالیہ عرصے میں طالبان سے وابستہ شخصیات پر ہونے والے حملے ملک کو درپیش سکیورٹی مسائل، مقامی مزاحمت اور اندرونی اختلافات کی نشاندہی کرتے ہیں۔ ان کے مطابق موجودہ صورتحال طالبان انتظامیہ کے لیے ایک اہم چیلنج بنتی جا رہی ہے۔تجزیہ کاروں کے مطابق ایسے واقعات افغانستان میں امن و امان کی مجموعی کیفیت پر سوالات اٹھاتے ہیں، جبکہ ان کے اسباب اور پس منظر کے تعین کے لیے سرکاری تحقیقات کے نتائج اہم ہوں گے۔