ڈی آئی خان ( اباسین خبر) بنوں کے علاقے میں رات گئے دہشت گردوں نے پولیس چوکی فتح خیل کو بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں اب تک 15 پولیس اہلکار شہید ہو گئے ہیں۔پولیس حکام کے مطابق دھماکے کے بعد ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا جس کے دوران ملبے سے تین اہلکاروں کو زندہ نکال لیا گیا۔شہداء میں رحمت ایاز، ثناء اللہ، نیاز علی، صحیب، سعداللہ، کامران، نعمت اللہ، عابد جانی، عمران، نعیم اللہ، صدیق اللہ، میر عالم خان، راحت اللہ خان اور فاروق داد سمیت دیگر اہلکار شامل ہیں۔ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان نے ڈی ایچ کیو اسپتال کا دورہ کیا اور زخمی اہلکاروں کی عیادت کی۔انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بنوں پولیس کے حوصلے بلند ہیں اور دہشت گرد اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ ان کے مطابق یہ حملہ دہشت گردوں کی آخری بزدلانہ کارروائی ثابت ہوگا۔ڈی آئی جی نے مزید کہا کہ پولیس دہشت گردوں کو چن چن کر انجام تک پہنچائے گی اور علاقے سے ان کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔
بنوں میں پولیس چوکی پر خودکش حملہ، 15 اہلکار شہید، تین زخمی زندہ بچا لیے گئے
1 گھنٹے قبل