سری لنکا ویمنز نے پاکستان کو شکست دے کر ون ڈے سیریز جیت لی

سری لنکا ویمنز نے پاکستان کو شکست دے کر ون ڈے سیریز جیت لی

Jul 29, 2026|ویب ڈیسک

ہمبنٹوٹا( سپورٹس ڈیسک) سری لنکا کی خواتین کرکٹ ٹیم نے تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں پاکستان ویمنز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز 2-1 سے اپنے نام کر لی۔ہمبنٹوٹا میں کھیلے گئے آخری ون ڈے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کا آغاز کیا، تاہم قومی ٹیم کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور صرف 10 رنز کے مجموعی اسکور پر تین اہم کھلاڑی آؤٹ ہو گئیں۔ صدف شمس 9 رنز بنا کر جبکہ سدرہ امین اور عائشہ ظفر بغیر کوئی رن بنائے پویلین واپس لوٹ گئیں۔مشکل صورتحال میں گل فیروزہ اور منیبہ علی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 68 رنز کی شراکت قائم کی۔ گل فیروزہ نے 40 جبکہ منیبہ علی نے 34 رنز کی اننگز کھیلی۔بعد ازاں کپتان فاطمہ ثنا نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 41 رنز بنائے، تاہم پوری پاکستانی ٹیم 40 اوورز میں 187 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔سری لنکا کی جانب سے کپتان چماری اتاپتو، چیتھانا اور کویشا دلہاری نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ویمنز ٹیم نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 188 رنز کا مطلوبہ ہدف 38ویں اوور میں صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ ہرشیتھا نے ناقابلِ شکست 71 اور ہسنی پریرا نے ناٹ آؤٹ 50 رنز بنائے، جبکہ کپتان چماری اتاپتو نے 52 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔اس کامیابی کے ساتھ سری لنکا نے ون ڈے سیریز 2-1 سے جیت لی، جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز جمعے سے ہوگا۔