پنجاب کے سرکاری اسکولوں میں کھیلوں کے مقابلوں کا شیڈول جاری

پنجاب کے سرکاری اسکولوں میں کھیلوں کے مقابلوں کا شیڈول جاری

Aug 19, 2026|ویب ڈیسک

لاہور ( سپورٹس ڈیسک)محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب نے صوبے کے تمام سرکاری اسکولوں میں طلبہ و طالبات کے لیے کھیلوں کی سرگرمیاں منعقد کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے شیڈول جاری کردیا۔سرکاری اسکولوں میں ہاکی، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس اور کرکٹ کے مقابلے ہوں گے، جبکہ والی بال، ایتھلیٹکس، شطرنج اور فٹبال بھی کھیلوں کی سرگرمیوں کا حصہ ہوں گے۔محکمہ اسکول ایجوکیشن کے مطابق مقابلے تحصیل، ضلع، ڈویژن اور صوبائی سطح پر منعقد کیے جائیں گے، جبکہ ان کے انعقاد کے لیے مختلف سطحوں پر کمیٹیاں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔تحصیل سطح پر ڈپٹی ڈی ای او کمیٹی کے کنوینر اور متعلقہ ہیڈ ٹیچر سیکریٹری ہوں گے۔ ضلعی سطح پر متعلقہ سی ای او ایجوکیشن، ڈویژنل سطح پر ڈویژنل ڈائریکٹر جبکہ صوبائی سطح پر ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشن پنجاب کمیٹی کے کنوینر مقرر کیے گئے ہیں۔تمام کمیٹیوں کو ستمبر کے اختتام تک کھیلوں کی سرگرمیوں کا کیلنڈر جاری کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پنجاب بھر کے سرکاری اسکولوں کے طلبہ و طالبات ان مقابلوں میں حصہ لیں گے۔محکمہ اسکول ایجوکیشن نے متعلقہ حکام کو طلبہ کی کھیلوں کی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام کا مقصد بچوں کی جسمانی اور ذہنی صحت کو بہتر بنانا ہے۔