اسپین نے آسٹریا کو شکست دے کر پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی
لاس اینجلس( سپورٹس ڈیسک) فیفا ورلڈ کپ کے راؤنڈ آف 32 کے مقابلے میں اسپین نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریا کو 3-0 سے شکست دے کر پری کوارٹر فائنل (راؤنڈ آف 16) میں جگہ بنا لی۔لاس اینجلس میں کھیلے گئے میچ میں اسپین نے ابتدا سے ہی کھیل پر مکمل کنٹرول رکھا اور گیند پر 65 فیصد تک قبضہ برقرار رکھا۔ اگرچہ اسپین نے متعدد حملے کیے، تاہم وہ تین گول ہی اسکور کر سکی۔اسپین کی جانب سے پہلا گول 36ویں منٹ میں اویارزابال نے کیا، جس کے بعد پہلے ہاف کے اختتام تک اسپین کو 1-0 کی برتری حاصل رہی۔دوسرے ہاف میں بھی اسپین نے جارحانہ کھیل جاری رکھا اور 66ویں منٹ میں پیڈرو پورو نے دوسرا گول کرکے برتری دگنی کر دی۔مقررہ وقت ختم ہونے سے ایک منٹ قبل اویارزابال نے اپنا دوسرا اور ٹیم کا تیسرا گول اسکور کرکے اسپین کی 3-0 کی فیصلہ کن فتح یقینی بنا دی۔اس کامیابی کے ساتھ اسپین نے پری کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ یہ بھی قابلِ ذکر ہے کہ اسپین 2010 کے ورلڈ کپ کے بعد پہلی بار ناک آؤٹ مرحلے کا میچ جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے۔