اسلام آباد (کامرس ڈیسک) وفاقی بجٹ کی آمد سے قبل ہی سولر انڈسٹری میں قیمتوں کا نیا رجحان سامنے آ گیا ہے، جس کے تحت مختلف صلاحیت کے سولر پینلز کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق بجٹ سے قبل ہی مارکیٹ میں سولر پینلز کی قیمتوں میں اچانک اضافے نے صارفین اور سرمایہ کاروں کی تشویش میں اضافہ کر دیا ہے۔مارکیٹ ذرائع کے مطابق سولر پینلز کی فی پلیٹ قیمت میں سات ہزار سے نو ہزار روپے تک اضافہ کیا گیا ہے۔ اس اضافے کے بعد 585 واٹ کا سولر پینل جو پہلے تقریباً اٹھارہ ہزار روپے میں دستیاب تھا، اب ستائیس ہزار روپے تک پہنچ گیا ہے۔اسی طرح 645 واٹ کے سولر پینل کی قیمت بائیس ہزار روپے سے بڑھ کر اکتیس ہزار دو سو روپے ہو گئی ہے، جبکہ 720 واٹ کے پینل کی قیمت پچیس ہزار روپے سے بڑھ کر تینتیس ہزار پانچ سو روپے تک جا پہنچی ہے۔دوسری جانب مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ صرف سولر پینلز ہی نہیں بلکہ انورٹرز کی قیمتوں میں بھی مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، جس سے مجموعی طور پر سولر سسٹم کی لاگت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔