چینی شینڈونگ گروپ کی پاکستان کے توانائی شعبے میں سرمایہ کاری کی پیشکش

چینی شینڈونگ گروپ کی پاکستان کے توانائی شعبے میں سرمایہ کاری کی پیشکش

Jul 3, 2026|ویب ڈیسک

 اسلام آباد( کامرس ڈیسک)چین کے شینڈونگ گروپ نے پاکستان کے توانائی کے شعبے میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری اور طویل المدتی اسٹریٹجک شراکت داری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک سے اسلام آباد میں شینڈونگ گروپ کے چیئرمین ہاؤ جیان شن نے ملاقات کی، جس میں پاکستان کے توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مختلف مواقع اور دوطرفہ تعاون پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ملاقات کے بعد جاری اعلامیے کے مطابق چینی گروپ نے تیل اور گیس کی پیداوار میں اضافے، ڈرلنگ، فیلڈ آپٹیمائزیشن، ریفائنری اپ گریڈیشن اور فلوئیڈ کیٹالیٹک کریکنگ (ایف سی سی) یونٹ کی تنصیب میں سرمایہ کاری کی خواہش ظاہر کی۔شینڈونگ گروپ کے چیئرمین ہاؤ جیان شن نے کہا کہ پاکستان میں توانائی سے متعلق آلات کی مینوفیکچرنگ سہولت قائم کرنے کی تجویز زیر غور ہے، جہاں سے مشرقِ وسطیٰ کی منڈیوں کو بھی خدمات فراہم کی جا سکیں گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ ان کا گروپ پاکستان کے آف شور توانائی منصوبوں، سلفر پروسیسنگ پلانٹس اور انرجی سٹیز کے قیام میں بھی سرمایہ کاری کا خواہاں ہے۔