سحر ہاشمی ادائیگیوں میں تاخیر پر برہم، پروڈیوسرز کے رویے پر سوالات اٹھا دیے
کراچی( شو بز ڈیسک)پاکستانی اداکارہ سحر ہاشمی نے ڈرامہ انڈسٹری میں فنکاروں کو درپیش مسائل پر آواز بلند کرتے ہوئے پروڈیوسرز کے غیر پیشہ ورانہ طرزِ عمل اور معاوضوں کی ادائیگی میں تاخیر پر تنقید کی ہے۔ڈراما سیریل ’ظلم‘ سے اداکاری کا آغاز کرنے والی سحر ہاشمی نے گزشتہ دو سے تین برسوں کے دوران شوبز انڈسٹری میں نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔ڈراما ’شیدائی‘ میں کامیابی کے بعد اداکارہ کو خاصی پذیرائی ملی، جبکہ ’زنجیریں‘ میں شہر بانو کے کردار نے بھی انہیں مداحوں میں مقبولیت دلائی۔ وہ جلد ڈراما ’درِ نجات‘ میں خوش بخت کے نوجوان کردار میں نظر آئیں گی۔سحر ہاشمی نے انسٹاگرام پر اپنی کہانی کے ذریعے فنکاروں کو معاوضوں کی ادائیگی میں تاخیر کا معاملہ اٹھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی فنکار ایک دن تاخیر سے پہنچے تو اسے غیر پیشہ ور قرار دے دیا جاتا ہے، لیکن جب اس کی ادائیگی مہینوں تک روک لی جائے تو اسے حسابات کا مسئلہ قرار دے کر ٹال دیا جاتا ہے۔اداکارہ کے اس مؤقف کے بعد شوبز انڈسٹری میں فنکاروں کے حقوق، پیشہ ورانہ ذمہ داریوں اور بروقت معاوضوں کی ادائیگی سے متعلق بحث ایک بار پھر شروع ہو گئی ہے۔