سلمان خان نے والد بننے کی امید برقرار رکھنے کا اعتراف کرلیا

سلمان خان نے والد بننے کی امید برقرار رکھنے کا اعتراف کرلیا

Oct 15, 2026|ویب ڈیسک

ممبئی( شو بز ڈیسک) بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان نے کہا ہے کہ انہوں نے والد بننے کا خیال مکمل طور پر ترک نہیں کیا اور اب بھی مستقبل میں بچوں کی پیدائش کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سلمان خان 13 سال کے وقفے کے بعد ایک بار پھر مقبول پروگرام ’کافی ود کرن‘ میں شریک ہوئے۔ شو کے آخری سیزن کی پہلی قسط میں ان کے ہمراہ اداکارہ کرشمہ کپور بھی موجود تھیں۔میزبان کرن جوہر سے گفتگو کرتے ہوئے 60 سالہ غیر شادی شدہ اداکار نے مستقبل میں باپ بننے کے امکان پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ آنے والے وقت میں بچوں کی پیدائش کے بارے میں سوچ رہے ہیں اور اس خواہش سے دستبردار نہیں ہوئے۔سلمان خان نے کرن جوہر کو تنہا والد کی حیثیت سے بچوں کی پرورش کرنے پر مبارک باد بھی دی۔ انہوں نے کہا کہ جب کرن کے ہاں بچوں کی پیدائش ہوئی تو انہیں بہت خوشی ہوئی تھی۔ اداکار کے مطابق کرن نے بچوں کے لیے سروگیسی کا راستہ اختیار کیا، جس پر وہ ان کے لیے خوش تھے۔ سلمان خان نے امید ظاہر کی کہ ان کی زندگی میں بھی کبھی بچے ضرور آئیں گے۔واضح رہے کہ کرن جوہر آئی وی ایف کے ذریعے پیدا ہونے والے جڑواں بچوں کے تنہا والد ہیں۔اپنی غیر شادی شدہ زندگی کے حوالے سے سلمان خان نے کہا کہ وہ موجودہ زندگی سے مطمئن اور خوش ہیں۔ ان کے بقول انسان خود کو سب سے زیادہ تنہا اس وقت محسوس کرتا ہے جب کوئی اس کے ساتھ رہنا نہ چاہے، تاہم انہیں کسی نے بھی شریکِ حیات بنانے سے انکار نہیں کیا۔