ایس ای سی پی کی رئیل اسٹیٹ ٹرسٹس کیلئے اہم اصلاحات تجویز
کراچی( کامرس ڈیسک)سیکورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان نے رئیل اسٹیٹ انویسٹمنٹ ٹرسٹس کے فروغ اور سرمایہ کاری میں سہولت کے لیے اہم اصلاحات تجویز کردی ہیں۔ایس ای سی پی کی تجاویز میں رئیل اسٹیٹ سے حاصل ہونے والی آمدن اور متعلقہ اثاثوں کا کم از کم تناسب 75 فیصد سے کم کرکے 65 فیصد کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔اسی طرح اسپانسرز، ڈائریکٹرز اور متعلقہ اداروں سے قرض لینے کی مدت 24 ماہ سے بڑھا کر 36 ماہ کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔تجاویز کے مطابق رینٹل اور انویسٹمنٹ رئیل اسٹیٹ اسکیموں کی لسٹنگ کے لیے ایک سال کی اضافی مہلت دینے پر بھی غور کیا جائے گا۔ایس ای سی پی نے رئیل اسٹیٹ اسکیموں کو کم از کم ایک سال تک خالی زمین اور پلاٹ اپنے پاس رکھنے کی اجازت دینے کی تجویز بھی پیش کی ہے۔اس کے علاوہ مخصوص گروپ ٹرسٹس اور ملازمین کے فنڈز کو غیر فہرست شدہ رئیل اسٹیٹ اسکیموں میں سرمایہ کاری کی اجازت دینے پر غور کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔