سعودی عرب کا نیا پیکیج ٹورسٹ ویزا، پاکستان بھی شامل
جدہ( مانیٹرنگ ڈیسک)سعودی عرب نے بین الاقوامی سیاحوں کے لیے نیا پیکیج ٹورسٹ ویزا پروگرام متعارف کرا دیا ہے، جس کے پہلے مرحلے میں پاکستان سمیت سات ممالک کے شہری اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔سعودی وزارتِ سیاحت کے مطابق نئے نظام کے تحت مسافر ایک ہی پیکیج کے ذریعے فضائی ٹکٹ، ہوٹل بکنگ اور الیکٹرانک ٹورسٹ ویزا حاصل کر سکیں گے، جس سے علیحدہ ویزا درخواست دینے کی ضرورت نہیں رہے گی۔پہلے مرحلے میں پاکستان، بھارت، بنگلادیش، انڈونیشیا، مصر، اردن اور میکسیکو کے شہری اس سہولت کے اہل ہوں گے۔وزارت کے مطابق مسافروں کو منظور شدہ ٹریول ایجنسی کے ذریعے پیکیج خریدنا ہوگا، جس کے بعد الیکٹرانک ویزا، سفری انشورنس اور دیگر سفری دستاویزات ای میل کے ذریعے فراہم کر دی جائیں گی۔ رپورٹ کے مطابق منظور شدہ پیکیج خریدنے کے 48 گھنٹوں کے اندر ویزا جاری کر دیا جائے گا۔یہ سنگل انٹری ٹورسٹ ویزا تین ماہ تک مؤثر ہوگا، جبکہ ویزا ہولڈر کم از کم دو اور زیادہ سے زیادہ 88 دن تک سعودی عرب میں قیام کر سکے گا۔ابتدائی دو روزہ پیکیج کی کم از کم قیمت 4 ہزار سعودی ریال فی بالغ مقرر کی گئی ہے، جبکہ ہر اضافی دن کے لیے ایک ہزار سعودی ریال مزید ادا کرنا ہوں گے۔ مسافر اضافی فیس کے ساتھ سیاحتی سرگرمیاں، تفریحی پروگرام اور مختلف ایونٹس کے ٹکٹ بھی پیکیج میں شامل کر سکتے ہیں۔سعودی وزارتِ سیاحت نے واضح کیا ہے کہ اس پیکیج میں عمرہ خدمات شامل نہیں ہیں، تاہم ویزا ہولڈر متعلقہ قوانین کی پابندی کرتے ہوئے مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور دیگر شہروں کا سفر کر سکتے ہیں۔وزارت کے مطابق اگر سفری پیکیج منسوخ کیا جائے تو اس کے ساتھ جاری ہونے والا ویزا بھی خودکار طور پر منسوخ ہو جائے گا، جبکہ مستقبل میں مزید ممالک کو بھی اس پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔