سمیع اللہ خان کا قومی ہاکی ٹیم کو پنالٹی کارنر سے بچنے کا مشورہ
لاہور ( سپورٹس ڈیسک)پاکستان ہاکی کے لیجنڈ اور قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر سمیع اللہ خان نے بھارت کے خلاف ورلڈ کپ کے اہم میچ سے قبل قومی کھلاڑیوں کو پنالٹی کارنر دینے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ایک انٹرویو میں اولمپئن سمیع اللہ خان نے کہا کہ حالیہ میچز میں قومی ٹیم کی ڈی میں کلیئرنس اچھی دکھائی نہیں دی، جس پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق پاکستان کو حریف کو کم سے کم پنالٹی کارنر دینے ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ فارورڈ لائن کو کبھی دائیں اور کبھی بائیں جانب سے حملے جاری رکھنے چاہییں، کیونکہ دنیا بھر کی ٹیموں کا دفاع مضبوط ہے۔ موجودہ دور میں ہاکی تیز ہوگئی ہے، اس لیے کھلاڑیوں کو ہر وقت الرٹ رہنا ہوگا۔پاکستان کو ورلڈ کپ کے پول ڈی کے اہم میچ میں بھارت کے خلاف لازمی فتح درکار ہے تاکہ اگلے مرحلے میں پہنچنے کی امید برقرار رہے۔ بھارت کے لیے بھی یہ مقابلہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، جبکہ پاکستان نے اپنے گزشتہ میچ میں ویلز کے خلاف 3-3 سے برابری کی تھی۔پاکستان اور بھارت کے درمیان ورلڈ کپ کا ہائی وولٹیج مقابلہ آج 19 اگست کو شیڈول ہے، جسے دونوں ٹیموں کی عالمی کپ مہم کے لیے انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔