روس کے یوکرین پر بڑے حملے، کم از کم 8 افراد ہلاک
روس( مانیٹرنگ ڈیسک)روس نے یوکرین کے مختلف علاقوں پر بڑے پیمانے پر میزائل اور ڈرون حملے کیے، جن میں کم از کم 8 افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بحیرہ اسود میں ایک شہری مال بردار جہاز پر الگ حملے میں عملے کے پانچ ارکان بھی جان کی بازی ہار گئے۔حملوں کا نشانہ دارالحکومت کیف، کھارکیو، زاپوریزہیا اور سومی سمیت کئی علاقے بنے۔ کھارکیو میں شہر کے مضافات میں واقع ایک پوسٹل ٹرمینل پر حملے میں چار افراد ہلاک ہوئے، جبکہ کیف میں ایک معمر خاتون جان سے گئی۔ زاپوریزہیا میں دو اور سومی میں ایک شخص ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے دارالحکومت پر ہونے والے حملے کو کیف پر ہونے والے اب تک کے بڑے بیلسٹک حملوں میں سے ایک قرار دیا۔یوکرین کی فضائیہ کے مطابق روس نے 41 میزائل، جن میں اسکندر بیلسٹک اور ہائپر سونک زرکون میزائل شامل تھے، کے ساتھ 125 ڈرون بھی داغے۔ فضائی دفاع نے 18 میزائلوں اور 108 ڈرونز کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا۔