اباسین خبر

بجٹ میں تنخواہ دار طبقے اور برآمدات کے لیے ریلیف، معاشی استحکام سے ترقی کی جانب سفر: وزیر خزانہ

بجٹ میں تنخواہ دار طبقے اور برآمدات کے لیے ریلیف، معاشی استحکام سے ترقی کی جانب سفر: وزیر خزانہ

 اسلام آباد( کامرس ڈیسک) اسلام آباد میں وفاقی وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ نئے مالی سال کے بجٹ میں تنخواہ دار نچلے طبقے کو ریلیف اور سبسڈی دینا حکومت کی ترجیح ہے۔پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس میں وزیر خزانہ پاکستان نے کہا کہ حکومت معاشی استحکام سے ترقی کی طرف بڑھ رہی ہے اور بجٹ میں کئی شعبوں کو سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔پریس کانفرنس میں وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، سیکرٹری خزانہ اور چیئرمین ایف بی آر بھی موجود تھے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ گزشتہ سال معاشی استحکام پر توجہ دی گئی تھی اور اب حکومت کا ہدف اس استحکام کو معاشی ترقی میں تبدیل کرنا ہے۔انہوں نے بتایا کہ بجٹ میں برآمدات کے فروغ کے لیے اہم اقدامات کیے گئے ہیں، جبکہ ایڈوانس ٹیکس اور سپر ٹیکس ختم کرنے کی تجویز دی گئی ہے تاکہ کاروباری ماحول بہتر ہو سکے۔ان کے مطابق برآمد کنندگان کے لیے تقریباً 70 سے 71 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کی گئی ہے تاکہ انہیں سازگار ماحول میسر آئے۔انہوں نے کہا کہ برآمد کنندگان کو ساڑھے 4 فیصد شرح پر فنانسنگ دستیاب ہوگی، جبکہ خام مال کی درآمد پر ڈیوٹی میں کمی سے پیداواری لاگت کم کی جائے گی۔وزیر خزانہ نے بتایا کہ جائیداد کی خرید و فروخت پر ٹیکس میں کمی کی گئی ہے تاکہ تعمیراتی اور ہاؤسنگ سیکٹر کو فروغ ملے۔انہوں نے مزید کہا کہ زرعی قرضوں اور فنانسنگ میں 15 فیصد اضافہ ہوا ہے، اور دستیاب مالی وسائل کو ترقیاتی مقاصد کے لیے مؤثر طریقے سے استعمال کیا جا رہا ہے۔