پنجابی فلموں کے لیجنڈ سلطان راہی کا 88واں یومِ پیدائش آج منایا جا رہا ہے
لاہور ( شوبز ڈیسک) پاکستانی فلم انڈسٹری کے نامور اداکار اور پنجابی سنیما کے بے تاج بادشاہ سلطان راہی کا 88واں یومِ پیدائش آج منایا جا رہا ہے۔24 جون 1938 کو پیدا ہونے والے سلطان راہی نے اپنے فلمی سفر کا آغاز چھوٹے کرداروں سے کیا، تاہم اپنی محنت، منفرد اداکاری، جاندار کرداروں اور طاقتور مکالمہ ادائیگی کے باعث وہ پنجابی فلموں کے مقبول ترین ستاروں میں شامل ہو گئے۔فلم ’’وحشی جٹ‘‘ نے انہیں شہرت کی بلندیوں تک پہنچایا، جبکہ ’’مولا جٹ‘‘ میں ان کے یادگار کردار نے انہیں برصغیر کے معروف ایکشن ہیروز کی صف میں لا کھڑا کیا۔ گنڈاسا اٹھائے ان کا دبنگ انداز آج بھی شائقین کے ذہنوں میں تازہ ہے۔سلطان راہی اور مصطفیٰ قریشی کی جوڑی پاکستانی فلمی تاریخ کی کامیاب ترین جوڑیوں میں شمار ہوتی ہے، جس نے متعدد مقبول اور یادگار فلموں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔تقریباً چار دہائیوں پر محیط فلمی کیریئر میں سلطان راہی نے سینکڑوں فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے اور پنجابی سنیما کو نئی پہچان دی۔ ان کے مشہور مکالمے، منفرد انداز اور لازوال کردار آج بھی پاکستانی فلمی صنعت کا قیمتی سرمایہ سمجھے جاتے ہیں۔9 جنوری 1996 کو گوجرانوالہ کے قریب ایک افسوسناک واقعے میں ان کا انتقال ہو گیا، تاہم ان کا فن اور خدمات آج بھی شائقین کے دلوں میں زندہ ہیں اور وہ پاکستان کے عظیم ترین اداکاروں میں شمار کیے جاتے ہیں۔