فاٹا، پاٹا میں ٹیکسز کے نفاذ کی مخالفت، پی ٹی آئی کا 4 جولائی کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان
پشاور( اباسین خبر)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سابق فاٹا اور پاٹا میں ٹیکسز کے نفاذ کے خلاف 4 جولائی کو ہونے والی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاق اپنے وعدے پورے کیے بغیر قبائلی علاقوں پر ٹیکس عائد نہ کرے۔پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر نے کہا کہ وفاقی حکومت نے نئے بجٹ میں سابق فاٹا اور پاٹا پر ٹیکس نافذ کر دیے ہیں، حالانکہ ان علاقوں کے انضمام کے وقت وعدہ کیا گیا تھا کہ انہیں این ایف سی میں حصہ دیا جائے گا، ہر سال 100 ارب روپے فراہم کیے جائیں گے اور وہاں کے عوام کو معاشی طور پر مستحکم بنایا جائے گا، تاہم یہ وعدے تاحال پورے نہیں کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ٹیکس دینے کی مخالف نہیں، لیکن جب تک وفاق قبائلی اضلاع کو این ایف سی میں حصہ، سالانہ 100 ارب روپے اور بنیادی سہولیات فراہم نہیں کرتا اور وہاں کے عوام کو ٹیکس ادا کرنے کے قابل نہیں بناتا، اس وقت تک فاٹا اور پاٹا کو ٹیکسز سے استثنیٰ دیا جانا چاہیے۔جنید اکبر کا کہنا تھا کہ امن و امان کی خراب صورتحال اور پاک افغان سرحد کی بندش کے باعث مقامی معیشت اور کاروبار شدید متاثر ہوئے ہیں، جبکہ خیبرپختونخوا حکومت اپنے وسائل سے قبائلی اضلاع میں فنڈز فراہم کر رہی ہے، لیکن وفاق اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کر رہا۔انہوں نے خبردار کیا کہ ایسے حالات میں ٹیکسوں کے نفاذ کی کوشش ردعمل کو جنم دے سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف 4 جولائی کی ہڑتال، احتجاج، مظاہروں اور پہیہ جام کی مکمل حمایت کرے گی، تاہم جب حالات بہتر ہوں گے تو قبائلی عوام بھی قومی ترقی کے لیے ٹیکس ادا کریں گے۔