انگلینڈ سیریز سے قبل قومی ٹیم کو مستقل بیٹنگ کوچ ملنے کے قریب
لاہور (سپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) قومی ٹیم کے لیے مستقل بیٹنگ کوچ کی تقرری کے آخری مرحلے میں داخل ہوگیا ہے، جس کے تحت جنوبی افریقا کے سابق فرسٹ کلاس کرکٹر اور لیول فور کوالیفائیڈ کوچ مائیک اسمتھ کی تقرری متوقع ہے۔ذرائع کے مطابق پی سی بی رواں سال کے آغاز سے اس اہم عہدے کے لیے موزوں امیدوار کی تلاش میں تھا، جبکہ تمام ضروری مراحل مکمل ہونے کے بعد جلد باضابطہ اعلان کیے جانے کا امکان ہے۔مائیک اسمتھ اس سے قبل پاکستان سپر لیگ میں ملتان سلطانز کے اسسٹنٹ کوچ کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں، جس کے باعث وہ پاکستانی کرکٹ کے ماحول اور کھلاڑیوں سے اچھی طرح واقف ہیں۔یاد رہے کہ پی سی بی نے مئی میں مستقل بیٹنگ کوچ کی تقرری کے لیے درخواستیں طلب کی تھیں، جن کی آخری تاریخ 7 جون مقرر کی گئی تھی۔ بعد ازاں امیدواروں کی جانچ پڑتال اور شارٹ لسٹنگ کا عمل مکمل کیا گیا۔اگر تقرری کو حتمی منظوری مل گئی تو مائیک اسمتھ انگلینڈ کے خلاف رواں ماہ شروع ہونے والی تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے قبل اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔واضح رہے کہ اپریل 2026 سے سابق ٹیسٹ کرکٹر اسد شفیق عبوری طور پر بیٹنگ کوچ کی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں اور وہ ہیڈ کوچ سرفراز احمد کے معاون عملے کا بھی حصہ ہیں۔پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز 19 اگست سے ہوگا۔