پاکستان ویمنز ٹیم کو سری لنکا میں ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی شکست

پاکستان ویمنز ٹیم کو سری لنکا میں ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی شکست

Aug 5, 2026|ویب ڈیسک

کولمبو( سپورٹس ڈیسک) پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کو سری لنکا کے دورے میں ون ڈے سیریز کے بعد ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، میزبان ٹیم نے تین میچوں کی سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی۔فاطمہ ثنا کی قیادت میں قومی ٹیم کو ون ڈے سیریز میں بھی سری لنکا کے ہاتھوں 1-2 سے شکست ہوئی تھی، جس کے بعد منیبہ علی کی قیادت میں کھیلی جانے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی پاکستان کامیابی حاصل نہ کر سکا۔دمبولا میں کھیلے گئے آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان ویمنز ٹیم نے سری لنکا کو مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 113 رنز تک محدود رکھا۔ جواب میں قومی ٹیم نے 19ویں اوور کی دوسری گیند پر 6 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر کے میچ 4 وکٹوں سے جیت لیا، تاہم یہ کامیابی سیریز کا نتیجہ تبدیل نہ کر سکی۔پاکستان کو ابتدائی دونوں ٹی ٹوئنٹی میچز میں سری لنکا کے ہاتھوں 6، 6 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔اس سے قبل ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے ہمبنٹوٹا میں 5 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی، تاہم اگلے دونوں مقابلوں میں سری لنکا نے 8، 8 وکٹوں سے فتح حاصل کر کے سیریز اپنے نام کر لی۔ون ڈے سیریز کے دوران پاکستان نے تینوں میچز میں ایک ہی ٹیم کو میدان میں اتارا۔ ورلڈ کپ اسکواڈ سے باہر ہونے والی سدرہ امین نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ایک سنچری اور ایک نصف سنچری کی مدد سے 217 رنز بنائے، جبکہ گل فیروز نے ایک نصف سنچری کے ساتھ 145 رنز اسکور کیے۔سری لنکا کے خلاف تین میچوں کی ون ڈے سیریز میں ان دونوں کے علاوہ کوئی بھی پاکستانی بیٹر 100 رنز کا ہندسہ عبور نہ کر سکی۔