پاکستان ساتویں بار ورلڈ یوتھ اسکریبل چیمپئن بن گیا
لاہور( سپورٹس ڈیسک) پاکستان نے 21ویں ورلڈ یوتھ اسکریبل چیمپئن شپ میں عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے ساتویں مرتبہ عالمی ٹیم ٹائٹل جیت لیا۔چیمپئن شپ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے سب سے زیادہ ٹرافیاں حاصل کرکے اپنی برتری برقرار رکھی۔ احمد سلمان نے انڈر 16 کا عالمی اعزاز اپنے نام کیا، جبکہ اہد صولت فاطمی انڈر 14 کے عالمی چیمپئن بن گئے۔تیمور وسیم نے انڈر 10 کیٹیگری میں عالمی ٹائٹل حاصل کیا، جبکہ مصطفیٰ فرحان انڈر 12 میں رنر اپ رہے۔پاکستان کے 3 کھلاڑی انفرادی مقابلوں میں ٹاپ 10 میں جگہ بنانے میں بھی کامیاب ہوئے۔ سب سے زیادہ پوائنٹس والا لفظ کھیلنے کا اعزاز ایان حسن خان جبکہ ایک میچ میں سب سے زیادہ اسکور بنانے کا ریکارڈ احزم صدیقی نے قائم کیا۔پاکستانی نوجوانوں کی شاندار کارکردگی نے عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کرتے ہوئے اسکریبل کے میدان میں پاکستان کی مضبوط حیثیت ایک بار پھر ثابت کردی۔