پاکستانی انڈر 19 ٹیم کو برطانیہ میں پناہ گزین سمجھ لیا گیا

پاکستانی انڈر 19 ٹیم کو برطانیہ میں پناہ گزین سمجھ لیا گیا

Sep 10, 2026|ویب ڈیسک

لاہور ( سپورٹس ڈیسک)پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم اس وقت غیر متوقع طور پر توجہ کا مرکز بن گئی جب برطانوی شہر پورٹسماؤتھ میں اسے غلطی سے پناہ کے متلاشی افراد کا گروپ سمجھ لیا گیا۔رپورٹس کے مطابق تقریباً 40 غیر ملکی افراد پر مشتمل ٹیم میریئٹ ہوٹل پہنچی تو وہاں موجود بعض افراد نے انہیں پناہ گزین سمجھتے ہوئے احتجاج شروع کردیا۔صورتحال اس وقت کشیدہ ہوگئی جب مظاہرین ہوٹل کے باہر جمع ہوگئے۔ریفارم پارٹی کے کونسلر جارج میڈوک نے صورتحال واضح کرنے کے لیے ہوٹل انتظامیہ سے رابطہ کیا اور پاکستان انڈر 19 ٹیم کے کوچ سے گفتگو کی۔بعد ازاں انہوں نے مظاہرین کو بتایا کہ ہوٹل میں موجود افراد پناہ گزین نہیں بلکہ پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے ارکان ہیں، جس کے بعد مظاہرین چند منٹ میں وہاں سے منتشر ہوگئے۔جارج میڈوک نے واقعے کو انتہائی بدقسمت قرار دیا۔واقعے کے بعد انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے پاکستان کرکٹ حکام سے رابطہ کیا ہے، جبکہ ٹیم کی سیکیورٹی کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔پاکستان انڈر 19 ٹیم نے 2 سے 5 ستمبر تک انگلینڈ انڈر 19 کے خلاف چار روزہ میچ کھیلا، جس میں اسے 10 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ تاہم 9 ستمبر کو کھیلے گئے یوتھ ون ڈے میں پاکستان نے انگلینڈ کو 177 رنز سے شکست دی۔