پاکستان اور ایران میں کرکٹ تعاون بڑھانے پر اتفاق
لاہور( سپورٹس ڈیسک) اسلامی جمہوریہ ایران کرکٹ ایسوسی ایشن کے وفد نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے مرکزی دفتر، قذافی اسٹیڈیم اور قومی کرکٹ اکیڈمی کا دورہ کیا۔ایرانی وفد نے پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد سید اور پاکستان سپر لیگ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ کے فروغ اور باہمی تعاون سے متعلق مختلف امور پر بات چیت ہوئی۔ملاقات کے دوران ایرانی کرکٹ ٹیموں کو تربیتی معاونت فراہم کرنے اور پاکستانی کوچز کی جانب سے ایران کی جونیئر اور سینئر ٹیموں کو کوچنگ اور تجربہ منتقل کرنے کے امکانات پر بھی گفتگو کی گئی۔دونوں فریقوں نے کوچنگ کے شعبے میں معلومات اور تجربات کے تبادلے کے ساتھ ساتھ کرکٹ کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ایرانی کرکٹ کے لیے کھیلوں اور کرکٹ کا سامان فراہم کرنے میں معاونت اور جونیئر و سینئر کھلاڑیوں کی ضروریات کا جائزہ لینے کے امور بھی زیر بحث آئے۔ایرانی وفد نے قذافی اسٹیڈیم، کرکٹ میوزیم اور قومی کرکٹ اکیڈمی میں موجود تربیتی سہولیات کا معائنہ بھی کیا۔ملاقات کے اختتام پر پی سی بی اور ایرانی کرکٹ ایسوسی ایشن نے دونوں ممالک میں کرکٹ کے فروغ اور باہمی تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔