پاکستان ہاکی ٹیم کا شاندار کارنامہ، جنوبی کوریا کو شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی

پاکستان ہاکی ٹیم کا شاندار کارنامہ، جنوبی کوریا کو شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی

Aug 5, 2026|ویب ڈیسک

اسلام آباد( سپورٹس ڈیسک) پاکستان ہاکی ٹیم نے جنوبی کوریا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے تیسرے میچ میں بھی کامیابی حاصل کرتے ہوئے چار میچوں کی سیریز میں 0-3 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔اسلام آباد کے نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی کوریا نے ابتدا میں برتری حاصل کی، جب 11ویں منٹ میں لم ڈیون نے گول کر کے اپنی ٹیم کو سبقت دلائی۔دوسرے کوارٹر میں پاکستان نے مقابلہ برابر کرنے کے لیے کئی حملے کیے، تاہم دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں۔تیسرے کوارٹر میں پاکستان کی جانب سے حیات نے گول کر کے اسکور برابر کر دیا، لیکن جنوبی کوریا نے کم کے گول کے ذریعے دوبارہ برتری حاصل کر لی اور کوارٹر کے اختتام پر اسکور 1-2 رہا۔چوتھا اور آخری کوارٹر انتہائی سنسنی خیز ثابت ہوا، جس میں مجموعی طور پر چار گول اسکور کیے گئے۔ پاکستان نے شاندار واپسی کرتے ہوئے جنوبی کوریا کی برتری ختم کی، تاہم مہمان ٹیم نے ایک اور گول کر کے اسکور 2-3 کر دیا۔میچ کے آخری 10 منٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے نہ صرف خسارہ ختم کیا بلکہ مزید ایک گول کر کے برتری حاصل کر لی، جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔کامیابی کے بعد پاکستان نے چار میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز میں 0-3 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کر لی۔ میچ کے اختتام پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین وانی نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔تقریب میں پاکستان ہاکی کے سابق اولمپئنز سمیع اللہ اور حسن سردار بھی بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔