پاکستان فٹبال ٹیم پہلی بار فیفا آسیان کپ میں شریک ہوگی
لاہور( سپورٹس ڈیسک) پاکستان کی مردوں کی فٹبال ٹیم پہلی مرتبہ فیفا کے زیرِ اہتمام ہونے والے آسیان کپ میں شرکت کرکے ملکی فٹبال تاریخ میں نیا باب رقم کرنے جا رہی ہے۔یہ ٹورنامنٹ رواں سال ستمبر اور اکتوبر میں منعقد ہوگا۔ قومی خواتین ٹیم کی مارچ میں فیفا سیریز میں شرکت کے بعد اب مردوں کی ٹیم بھی ستمبر میں فیفا آسیان کپ کے افتتاحی ایڈیشن میں میدان میں اترے گی۔پاکستان اس عالمی مقابلے میں شامل 14 ٹیموں میں سے ایک ہے، جبکہ قومی ٹیم کو ان تین مدعو ٹیموں میں شامل کیا گیا ہے جو آسیان خطے سے باہر کی نمائندگی کریں گی۔ ٹورنامنٹ میں شریک دیگر 11 ٹیموں کا تعلق جنوب مشرقی ایشیا سے ہے۔پاکستان فٹبال فیڈریشن کے سربراہ محسن گیلانی نے کہا ہے کہ فیفا صدر جیانی انفینتینو کے شکر گزار ہیں جنہوں نے مختصر وقت میں پاکستان کو دوسرے فیفا ایونٹ میں شرکت کا موقع دیا۔انہوں نے کہا کہ اپنے انتخابی منشور میں وعدہ کیا تھا کہ پاکستان فٹبال کو نئی بلندیوں تک لے جائیں گے، تاریخی کامیابیاں حاصل کریں گے اور قومی ٹیموں کو ایسے عالمی مواقع فراہم کریں گے جو ماضی میں دستیاب نہیں تھے۔ آج اس عزم کو حقیقت بنتے دیکھ رہے ہیں۔محسن گیلانی کا کہنا تھا کہ فیفا آسیان کپ جنوب مشرقی ایشیا میں فٹبال روابط کو فروغ دینے، علاقائی تعاون بڑھانے اور شائقین کو عالمی معیار کے مقابلوں سے لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ٹورنامنٹ کا مقصد اعلیٰ سطح کے بین الاقوامی مقابلوں کا انعقاد اور کھیل سے وابستگی کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔