انگلینڈ کیخلاف آخری ٹیسٹ، پاکستان کے 12 ممکنہ کھلاڑی فائنل

انگلینڈ کیخلاف آخری ٹیسٹ، پاکستان کے 12 ممکنہ کھلاڑی فائنل

Sep 9, 2026|ویب ڈیسک

لاہور ( سپورٹس ڈیسک)پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف ایجبسٹن میں شروع ہونے والے سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ کے لیے 12 ممکنہ کھلاڑیوں کو حتمی شکل دے دی ہے۔اطلاعات کے مطابق بابر اعظم کی قیادت میں قومی ٹیم میں تین کھلاڑیوں کو پہلی مرتبہ ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کا موقع مل سکتا ہے۔ کراچی سے تعلق رکھنے والے 23 سالہ وکٹ کیپر غازی غوری کی ٹیم میں شمولیت تقریباً یقینی قرار دی جا رہی ہے۔خانیوال کے 29 سالہ آل راؤنڈر محمد عمران رندھاوا بھی ٹیسٹ ڈیبیو کے مضبوط امیدوار ہیں۔ انہوں نے 58 فرسٹ کلاس میچوں میں دو سنچریوں کی مدد سے 2255 رنز بنائے ہیں، جبکہ میڈیم فاسٹ بولر کی حیثیت سے 110 وکٹیں بھی حاصل کی ہیں۔اگر پاکستان چار فاسٹ بولرز کے ساتھ میدان میں اترتا ہے تو مردان کے 21 سالہ تیز گیند باز رضا اللہ کو بھی ٹیسٹ ڈیبیو کا موقع مل سکتا ہے۔ دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر نے 2025 میں پشاور کی جانب سے فرسٹ کلاس کرکٹ کا آغاز کیا اور اب تک 8 فرسٹ کلاس میچوں میں 30 وکٹیں حاصل کی ہیں۔دوسری جانب اگر قومی ٹیم ایک اسپنر کے ساتھ میدان میں اترتی ہے تو ملتان کے 21 سالہ بائیں ہاتھ کے اسپنر عرفات منہاس مضبوط امیدوار ہیں۔ عرفات منہاس پاکستان کی جانب سے 3 ایک روزہ اور 4 ٹی20 بین الاقوامی میچز کھیل چکے ہیں۔ایجبسٹن کرکٹ گراؤنڈ پر آخری ٹیسٹ کے لیے پاکستان کے 12 ممکنہ کھلاڑیوں میں صائم ایوب، اذان اویس، عبداللہ شفیق، بابر اعظم (کپتان)، شان مسعود، سعود شکیل، غازی غوری (وکٹ کیپر)، محمد عباس، محمد علی، محمد عمران رندھاوا، عرفات منہاس اور رضا اللہ شامل ہیں۔واضح رہے کہ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں میزبان انگلینڈ کو پاکستان کے خلاف 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔