پاکستان تیسری بار سینٹرل ایشین والی بال چیمپئن بن گیا

پاکستان تیسری بار سینٹرل ایشین والی بال چیمپئن بن گیا

Jul 30, 2026|ویب ڈیسک

اسلام آباد( سپورٹس ڈیسک)— پاکستان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسری مرتبہ سینٹرل ایشین مینز والی بال چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔چیمپئن شپ کے فائنل میں قومی ٹیم نے بنگلہ دیش کو یکطرفہ مقابلے کے بعد مسلسل تین سیٹس میں شکست دی۔ پاکستان نے 20-25، 16-25 اور 20-25 سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے ٹائٹل جیت لیا۔ قومی ٹیم پورے ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہی اور ایک بھی میچ نہیں ہاری۔وزیراعظم شہباز شریف نے قومی والی بال ٹیم کو تاریخی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ فائنل میں بنگلہ دیش کو شکست دے کر ٹائٹل جیتنا پوری قوم کے لیے باعث فخر ہے۔انہوں نے کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف اور ٹیم انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم نے عمدہ کھیل، بہترین نظم و ضبط اور مثالی ٹیم ورک کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کا نام روشن کیا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کے باصلاحیت نوجوان ہر شعبۂ کھیل میں ملک کا پرچم بلند کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور حکومت کھیلوں کے فروغ کے ساتھ نوجوان کھلاڑیوں کی بھرپور سرپرستی جاری رکھے گی۔انہوں نے قومی والی بال ٹیم کے لیے آئندہ بین الاقوامی مقابلوں میں مزید کامیابیوں کے لیے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا۔