خواتین ہاکی کی بحالی، پاکستان نے غیر ملکی کوچ مقرر کر دیا
لاہور( سپورٹس ڈیسک) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے خواتین ہاکی کے فروغ اور بحالی کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے قومی ویمنز ہاکی ٹیم کی کوچنگ کے لیے غیر ملکی ماہر کی خدمات حاصل کر لی ہیں۔پی ایچ ایف نے نیدرلینڈز سے تعلق رکھنے والے رچرڈ ڈی سنیجر کو پاکستان خواتین ہاکی ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا ہے۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق رچرڈ ڈی سنیجر کی تقرری ایک طویل المدتی منصوبہ بندی کا حصہ ہے۔ نئے کوچ کو دو دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط کوچنگ کا تجربہ حاصل ہے اور وہ نیدرلینڈز اور بیلجیئم میں اعلیٰ سطح کی کوچنگ سے وابستہ رہ چکے ہیں۔رچرڈ ڈی سنیجر نے کے ایچ سی ڈریگنز، ریپڈ ٹیمزے اور ایل ایم ایچ سی لارین سمیت مختلف کلبوں میں ٹیکنیکل ڈائریکٹر کی ذمہ داریاں بھی نبھائی ہیں۔نئے ہیڈ کوچ قومی خواتین ٹیم کی تکنیکی صلاحیتوں، کھیل کی حکمت عملی اور جسمانی فٹنس کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے کام کریں گے۔ وہ نیشنل کوچنگ ایڈوائزر ہارمن کروز اور دیگر کوچنگ اسٹاف کے ساتھ مل کر ٹیم کی کارکردگی میں بہتری لانے کی کوشش کریں گے۔پی ایچ ایف نے اسکول سطح سے لے کر قومی ٹیم تک خواتین ہاکی کے لیے مضبوط ٹیلنٹ سسٹم تشکیل دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔پی ایچ ایف کے صدر محی الدین احمد وانی نے کہا کہ قومی ٹیم کی خواتین کھلاڑی بہتر مواقع کی مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رچرڈ ڈی سنیجر کی تقرری سے پاکستان میں جدید طرز کے ہائی پرفارمنس ویمنز ہاکی پروگرام کا آغاز ہوگا۔