پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی تعاون کے نئے دور کا آغاز

8 گھنٹے قبل
پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی تعاون کے نئے دور کا آغاز

کراچی( کامرس ڈیسک)پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی تعاون کے نئے دور کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے تحت تجارت، ڈیجیٹل معیشت اور صنعتی اشتراک کے لیے مشترکہ اکنامی ہیڈکوارٹر قائم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔سی پیک منصوبے کی کامیابی کے لیے ملکی تاریخ میں پہلی بار چین کا 52 رکنی اعلیٰ سطحی کاروباری وفد پاکستان پہنچنا شروع ہو گیا ہے۔پاک چائنا بزنس کونسل کے مطابق یہ ہائی پروفائل وفد 8 سے 14 مئی تک پاکستان کے دورے پر رہے گا، جس کے دوران اسلام آباد، لاہور اور کراچی میں مختلف بزنس ٹو بزنس معاہدے کیے جائیں گے۔ذرائع کے مطابق چینی وفد ای کامرس، ٹیلی کام، سولر انرجی، اور دیگر توانائی کے شعبوں میں اہم معاہدے کرے گا، جبکہ آئی بی آئی پاکستان ڈیجیٹل اکنامی پروگرام کے تحت انجینئرنگ، کیمیکل، ٹیکسٹائل اور بلڈنگ میٹریل کے شعبوں میں بھی تعاون طے پائے گا۔مزید بتایا گیا ہے کہ الیکٹرک وہیکلز، میڈیکل آلات اور صنعتی مشینری کے شعبوں میں بھی اہم معاہدے متوقع ہیں۔ وفد کی فیڈریشن آف چیمبرز آف کامرس سمیت کراچی، لاہور اور اسلام آباد چیمبرز کے ساتھ ملاقاتیں طے ہیں۔ذرائع کے مطابق اس دورے کے دوران حکومتوں کے درمیان (جی ٹو جی) معاہدوں کے امکانات بھی موجود ہیں جبکہ چینی وفد ڈیجیٹل اکنامی منصوبوں کے تحت سرمایہ کاری اور فنڈنگ میں بھی دلچسپی رکھتا ہے۔