پاکستان نے آئی ایم ایف سے ایندھن سبسڈی عارضی رکھنے کا وعدہ، مہنگائی 7.3 فیصد تک پہنچ گئی

5 گھنٹے قبل
پاکستان نے آئی ایم ایف سے ایندھن سبسڈی عارضی رکھنے کا وعدہ، مہنگائی 7.3 فیصد تک پہنچ گئی

اسلام آباد( کامرس ڈیسک) پاکستان نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ پٹرول اور ڈیزل کی سبسڈی عارضی رکھنے اور قیمتوں میں اضافہ کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔ حکومت نے بتایا ہے کہ بجٹ میں مالیاتی گنجائش نہ ہونے کی صورت میں ایندھن کی قیمتوں میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق حکومت نے آئی ایم ایف کو آگاہ کیا کہ موجودہ سبسڈی صرف اسی وقت تک جاری رہے گی جب تک بجٹ میں اضافی مالی وسائل کی نشاندہی نہیں ہو جاتی۔ ایندھن کی قیمتیں برقرار رکھنے کے لیے صوبوں سے مزید 200 ارب روپے کی مالیاتی گنجائش نکالنے پر بات چیت جاری ہے۔حکام نے مزید بتایا کہ بجٹ میں سبسڈی کے بوجھ سے بچنے کے لیے قیمتوں کی باقاعدہ نظرثانی جاری رہے گی۔ اس دوران حکومت نے سرکاری گاڑیوں کے فیول الاؤنسز میں کمی کی اور غیر تنخواہی اخراجات میں 20 فیصد کمی کر کے 27 ارب روپے بچائے ہیں، جبکہ وفاقی ترقیاتی بجٹ سے مزید 100 ارب روپے کم کر دیے گئے ہیں۔تاہم، تیل، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کے سبب گزشتہ ماہ مہنگائی ڈیڑھ سال کی بلند ترین سطح 7.3 فیصد تک پہنچ گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایندھن کی قیمتوں میں 20 فیصد اضافے کے باوجود عوامی کھپت میں کوئی کمی نہیں آئی، کیونکہ نہ حکومت اور نہ ہی صارفین نے نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا۔حکومت کے اندر یہ بھی رائے ہے کہ طلب کم کرنے کے لیے جمعہ کو قیمتوں میں کچھ اضافہ کیا جانا چاہیے۔