لاہور( سپورٹس ڈیسک)لاہور قلندرز کے اسپن بولر اسامہ میر نے کہا ہے کہ اگر جسپریت بمرا اپنی ٹیم کے لیے کامیابیاں حاصل کرتے ہیں تو شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف بھی اپنی ٹیم کے لیے اہم فتوحات دلانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ میں کامیابی کے بعد لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسامہ میر نے کہا کہ ان کی ٹیم کا سفر مرحلہ وار جاری ہے اور ہر مقابلے میں بہترین کارکردگی دکھا کر فتح حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ اپنی کارکردگی میں بہتری لانے اور ٹیم کے لیے زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچانے کے لیے مسلسل محنت کر رہے ہیں۔اسامہ میر کے مطابق ٹیم کے پاس اب بھی ناک آؤٹ مرحلے میں رسائی حاصل کرنے کا موقع موجود ہے، اس لیے ہر آنے والے مقابلے کو جیتنے کے عزم کے ساتھ کھیلا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں اسپن بولرز کو زیادہ مدد مل رہی تھی جبکہ موجودہ میدان میں بلے بازوں کے لیے حالات نسبتاً آسان ہیں اور پچ زیادہ ہموار ہے۔ان کا کہنا تھا کہ چھکا لگنے پر کوئی کھلاڑی خوش نہیں ہوتا، اور سکندر رضا کی توقعات پر پورا نہ اترنے کی وجہ سے وقتی طور پر غصہ آیا، تاہم وہ سینئر کھلاڑی ہیں اور ان کی موجودگی ٹیم کے لیے فائدہ مند ہے۔اسامہ میر نے کہا کہ چھکے کے بعد انہوں نے بہتر انداز میں واپسی کی اور ایک اچھے مقابلے پر تعریف جبکہ خراب کارکردگی پر تنقید کا سلسلہ کھیل کا حصہ ہے۔