اسلام آباد( کامرس ڈیسک)امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی دوبارہ بڑھنے کے خدشات کے باعث عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔بین الاقوامی منڈی میں برینٹ خام تیل کی قیمت بڑھ کر ایک سو گیارہ ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے، جبکہ ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت ایک سو سات ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی ہے۔اسی طرح مربن خام تیل بھی مہنگا ہو کر ایک سو آٹھ ڈالر فی بیرل میں فروخت ہو رہا ہے۔ماہرین کے مطابق عالمی توانائی منڈی پہلے ہی غیر یقینی صورتحال کا شکار ہے، اور مشرق وسطیٰ میں کشیدگی یا آبنائے ہرمز سے متعلق کسی بھی قسم کی غیر یقینی صورتحال براہ راست تیل کی قیمتوں پر اثر انداز ہوتی ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل بھی امریکی قیادت کی جانب سے ایران سے متعلق مؤقف میں سختی اور خطے میں ممکنہ کشیدگی کے خدشات کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا تھا۔
امریکا اور ایران کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں پھر بڑھ گئیں
1 دن قبل