تیل کی قیمتوں میں کمی، مذاکرات کی امید نے دباؤ کم کر دیا

1 دن قبل
تیل کی قیمتوں میں کمی، مذاکرات کی امید نے دباؤ کم کر دیا

 اسلام آباد( کامرس ڈیسک)عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں منگل کے روز ابتدائی ایشیائی تجارت کے دوران کمی ریکارڈ کی گئی، جس کی بڑی وجہ امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ مذاکرات کی امید قرار دی جا رہی ہے۔رپورٹس کے مطابق مذاکرات کے امکانات بڑھنے سے رسد سے متعلق خدشات میں کمی آئی ہے، جس کے نتیجے میں قیمتوں پر دباؤ دیکھا گیا۔برینٹ خام تیل کی قیمت میں ایک اعشاریہ چھاسی ڈالر کی کمی کے بعد یہ ستانوے اعشاریہ پچاس ڈالر فی بیرل پر آ گئی، جبکہ ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل دو اعشاریہ پچیس ڈالر کمی کے ساتھ چھیانوے اعشاریہ تراسی ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کرتا رہا۔یاد رہے کہ اس سے قبل گزشتہ سیشن میں دونوں اہم پیمانوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا تھا، جہاں برینٹ میں چار فیصد سے زائد جبکہ ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ میں تقریباً تین فیصد اضافہ ہوا تھا۔ماہرین کے مطابق اس اضافے کی وجہ امریکا کی جانب سے ایرانی بندرگاہوں کی ممکنہ ناکہ بندی تھی، تاہم اب مذاکرات کی توقعات نے مارکیٹ کو وقتی ریلیف فراہم کیا ہے۔