امریکی ہدایت پر ایرانی عہدیدار سے نیویارک میئر کے دفتر کی ملاقات منسوخ

امریکی ہدایت پر ایرانی عہدیدار سے نیویارک میئر کے دفتر کی ملاقات منسوخ

Jul 11, 2026|ویب ڈیسک

نیویارک( مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی محکمہ خارجہ کی ہدایت پر نیویارک کے میئر ظہرانی ممدانی کے دفتر کے ایک اعلیٰ عہدیدار کی ایرانی نمائندے سے طے شدہ ملاقات منسوخ کر دی گئی۔سٹی جرنل کی رپورٹ کے مطابق نیویارک میئر کے دفتر برائے بین الاقوامی امور کی کمشنر اینا ماریا آرچیلا کی اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل نمائندے امیر سعید ایرانی سے ملاقات طے تھی، جس میں دفتر کے دو دیگر اعلیٰ حکام کی شرکت بھی متوقع تھی۔رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اینا ماریا آرچیلا نے اس ملاقات کے بارے میں پیشگی طور پر نہ تو امریکی محکمہ خارجہ کو آگاہ کیا تھا اور نہ ہی میئر ظہرانی ممدانی کو اس سے متعلق اطلاع دی تھی۔محکمہ خارجہ کے ایک عہدیدار نے سٹی جرنل کو بتایا کہ ملاقات کی منصوبہ بندی کا علم ہونے پر محکمہ خارجہ نے میئر انتظامیہ سے رابطہ کیا اور واضح کیا کہ اس نوعیت کی ملاقات قابل قبول نہیں ہے۔رپورٹ کے مطابق محکمہ خارجہ کی مداخلت کے بعد اینا ماریا آرچیلا کو سرزنش کی گئی اور ملاقات منسوخ کرنے کی ہدایت دی گئی۔دوسری جانب میئر کے دفتر برائے بین الاقوامی امور کے ترجمان نے سٹی جرنل کو بتایا کہ اینا ماریا آرچیلا کی ایرانی عہدیدار سے نہ ملاقات ہوئی ہے اور نہ ہی آئندہ ایسی کوئی ملاقات ہوگی۔