ملک بھر میں معرکہ حق کی سالگرہ پر یادگارِ شہداء کی تقریبات، افواج کو خراجِ عقیدت

1 گھنٹے قبل
ملک بھر میں معرکہ حق کی سالگرہ پر یادگارِ شہداء کی تقریبات، افواج کو خراجِ عقیدت

اسلام آباد( اباسین خبر)پاکستان کے مختلف شہروں میں معرکہ حق کی تاریخی فتح کی پہلی سالگرہ کے موقع پر پروقار تقاریب کا انعقاد کیا گیا، جن میں شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔راولپنڈی کے چکلالہ میں منعقدہ مرکزی تقریب میں مہمانِ خصوصی نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر شہداء کی قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔پشاور میں بھی یادگارِ شہداء پر تقریب منعقد ہوئی، جہاں گورنر خیبرپختونخوا اور کور کمانڈر پشاور نے حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ اس موقع پر چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز کا خصوصی پیغام بھی سنایا گیا۔گلگت میں بھی معرکہ حق کی سالگرہ کے موقع پر تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں نگران وزیراعلیٰ گلگت بلتستان جسٹس (ر) یار محمد مہمانِ خصوصی تھے۔ انہوں نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔لاہور میں ہونے والی تقریب میں صوبائی وزراء، چیف سیکریٹری، سول و عسکری حکام اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جبکہ کور کمانڈر لاہور مہمانِ خصوصی تھے۔کوئٹہ میں بھی اسی مناسبت سے تقریب منعقد کی گئی، جہاں گورنر بلوچستان، وزیراعلیٰ اور کور کمانڈر نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔کراچی میں پاکستان رینجرز سندھ کے ہیڈکوارٹر میں بھی تقریب ہوئی، جس میں ڈی جی رینجرز سندھ نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔تمام تقاریب میں افواجِ پاکستان کے شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور قومی یکجہتی و قربانیوں کو سراہا گیا۔