مظفرآباد( اباسین خبر)معرکۂ حق آپریشن بنیان مرصوص میں پاکستان کی عظیم فتح کے ایک سال مکمل ہونے پر دارالحکومت مظفرآباد میں یومِ تشکر کی مرکزی تقریب شایانِ شان انداز میں منعقد کی گئی۔تقریب کے مہمانِ خصوصی وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور تھے، جبکہ جنرل آفیسر کمانڈنگ چنار ڈویژن، صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چوہدری محمد یاسین سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام نے بھی شرکت کی۔تقریب میں موسٹ سینئر وزیر میاں عبدالوحید، وزراء حکومت چوہدری یاسر سلطان، سید بازل علی نقوی، محترمہ نبیلہ ایوب، چیف سیکرٹری خوشحال خان اور آئی جی کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک بھی موجود تھے۔اس موقع پر وطن سے محبت، قومی یکجہتی اور شہداء کی قربانیوں کو زبردست انداز میں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ معروف گلوکار علی عظمت اور آئمہ بیگ نے ملی نغمے پیش کیے جس سے شرکاء کا جوش و جذبہ عروج پر پہنچ گیا، جبکہ بچوں کے ٹیبلوز نے بھی محفل کو خوب داد سمیٹی۔تقریب میں قومی کرکٹر محمد حارث نے بھی شرکت کی۔ مقامی فنکاروں راجہ عمران، عبدالباسط اور نتاشا خان نے بھی اپنی پرفارمنس سے حاضرین سے داد وصول کی۔تقریب کے دوران وزیراعظم آزاد کشمیر اور کمانڈنگ آفیسر چنار ڈویژن نے شہداء کے اہلِ خانہ میں شیلڈز تقسیم کیں اور ان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ تقریب کا اختتام شاندار آتش بازی سے کیا گیا۔آزاد کشمیر کے دیگر اضلاع میں بھی یومِ تشکر کی تقریبات منعقد ہوئیں جن میں شہریوں، نوجوانوں اور طلبہ نے بھرپور شرکت کی اور پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ تعلیمی اداروں میں سیمینارز اور تقریری مقابلے بھی ہوئے جن میں طلبہ نے شہداء کی قربانیوں اور دفاعی کردار پر روشنی ڈالی۔
مظفرآباد میں یومِ تشکر کی مرکزی تقریب، معرکۂ حق کی فتح پر قومی جوش و خروش
8 گھنٹے قبل