محمد ثقلین کا کینسر سے جنگ کا حوصلہ خراجِ تحسین کا مستحق

محمد ثقلین کا کینسر سے جنگ کا حوصلہ خراجِ تحسین کا مستحق

Sep 9, 2026|ویب ڈیسک

لاہور ( سپورٹس ڈیسک)پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اور مضبوط دفاعی کھلاڑی محمد ثقلین نے میدان میں کئی بار حریفوں کے حملوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، اب وہ زندگی کی ایک بڑی آزمائش، کینسر کے خلاف بھی اسی عزم اور حوصلے سے لڑ رہے ہیں۔جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے محمد ثقلین نے بتایا کہ انہیں تقریباً 8 ماہ قبل اورل کینسر کی تشخیص ہوئی، اس وقت بیماری اسٹیج فور بی تک پہنچ چکی تھی۔انہوں نے بتایا کہ وہ اسٹیج فور بی کے کینسر میں مبتلا تھے اور ان کی 18 گھنٹے طویل سرجری ہوئی، جو ان کی زندگی کا انتہائی مشکل مرحلہ تھا۔محمد ثقلین نے کینسر جیسے موذی مرض کے باوجود اپنی بیماری اور تکلیف کو عام نہیں کیا اور خاموشی سے علاج کے مختلف مراحل مکمل کرتے رہے۔ان کا کہنا تھا کہ زندگی میں پہلے ہی بہت سی مشکلات موجود ہیں، اس لیے انہوں نے اپنی بیماری کے بارے میں کسی کو بتا کر دوسروں کی پریشانی میں اضافہ کرنا مناسب نہیں سمجھا۔طویل اور مشکل علاج کے بعد اب محمد ثقلین کی امیونوتھراپی جاری ہے اور وہ دوبارہ معمول کی زندگی کی جانب لوٹ آئے ہیں۔