لیونل میسی جب تک چاہیں ارجنٹینا کے لیے کھیلیں گے، کوچ اسکیلونی کا اعلان

7 گھنٹے قبل
لیونل میسی جب تک چاہیں ارجنٹینا کے لیے کھیلیں گے، کوچ اسکیلونی کا اعلان

بوینس آئرس( سپورٹس ڈیسک)ارجنٹینا کے ہیڈ کوچ لیونل اسکیلونی نے واضح کیا ہے کہ عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی اس وقت تک قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے رہیں گے جب تک وہ خود کھیلنا چاہیں گے۔ایک حالیہ انٹرویو میں اسکیلونی نے کہا کہ ورلڈ کپ 2026 کے بعد بھی میسی کے ریٹائر ہونے کا کوئی فوری امکان نہیں ہے، کیونکہ وہ اب بھی کامیابیوں اور ٹرافیوں کے حصول کے لیے پرعزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ میسی ہر ریکارڈ اور بڑی کامیابی کے باوجود مزید آگے بڑھنے کی خواہش رکھتے ہیں، اور یہی جذبہ انہیں دنیا کے بہترین کھلاڑیوں میں شامل رکھتا ہے۔اسکیلونی کے مطابق میسی کے کھیلنے اور آرام سے متعلق تمام فیصلے باہمی مشاورت سے کیے جاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میسی نے مشکل حالات میں بھی ٹیم کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے، اس لیے ان کے حوالے سے فیصلے مشترکہ طور پر کیے جاتے ہیں۔واضح رہے کہ 38 سالہ لیونل میسی اس وقت ہیم اسٹرنگ انجری سے صحتیاب ہو رہے ہیں اور ارجنٹینا کے تربیتی کیمپ میں علیحدہ مشقیں کر رہے ہیں۔ توقع ہے کہ وہ 16 جون کو الجزائر کے خلاف ورلڈ کپ کے پہلے میچ تک مکمل فٹ ہو جائیں گے۔ارجنٹینا اپنی ورلڈ کپ مہم کا آغاز 16 جون کو الجزائر کے خلاف کرے گا، جبکہ گروپ مرحلے میں اس کا مقابلہ آسٹریا اور اردن سے بھی ہوگا۔