اسلام آباد(کامرس ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے آج پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی معاہدے کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کا فائدہ عوام تک منتقل کیے جانے کا امکان ہے۔قبل ازیں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’’ایکس‘‘ پر بیان دیتے ہوئے وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا تھا کہ وزیراعظم، فیلڈ مارشل، وزیر خارجہ اور وزیر داخلہ کی سفارتی کوششیں مثبت نتائج دے رہی ہیں اور ایران و امریکا جنگ بندی معاہدے کے قریب پہنچ چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ فوری طور پر عوام کو منتقل کیا جائے گا، اسی مقصد کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا شفاف ہفتہ وار فارمولا بنانے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔وزیرِ پیٹرولیم کے مطابق نیا فارمولا تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے تیار کیا جائے گا تاکہ عوام قیمتوں میں تبدیلی کی وجوہات کو بہتر طور پر سمجھ سکیں۔