کراچی( کامرس ڈیسک)کراچی پورٹ نے کنٹینر ہینڈلنگ میں ایک نیا قومی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق رواں مالی سال کے اختتام سے قبل کراچی پورٹ پر 26 لاکھ 51 ہزار سے زائد ٹی ای یو کنٹینرز ہینڈل کیے گئے، جو بندرگاہ کی تاریخ کی سب سے بڑی سالانہ کارکردگی قرار دی جا رہی ہے۔اس حوالے سے وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری نے کہا کہ ریکارڈ کنٹینر ہینڈلنگ ملکی بحری شعبے پر کاروباری اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔ ان کے مطابق کراچی پورٹ ملک کی سب سے بڑی کنٹینر ہینڈلنگ بندرگاہ بن چکی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی شپنگ اور لاجسٹکس صلاحیت مسلسل مضبوط ہو رہی ہے اور ملک کو علاقائی ٹرانس شپمنٹ اور لاجسٹکس حب بنانے کا ہدف برقرار ہے۔وزیر بحری امور کے مطابق بندرگاہی اصلاحات اور جدید انفراسٹرکچر کی بدولت کارگو ٹریفک میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جبکہ کراچی پورٹ ملکی معیشت اور سمندری تجارت میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔