آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ، جسٹن گریوز، ہیری بروک اور تنزید حسن نامزد
دبئی( سپورٹس ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے جولائی 2026 کے لیے پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ کے امیدواروں کا اعلان کردیا، جس میں ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر جسٹن گریوز، انگلینڈ کے وائٹ بال کپتان ہیری بروک اور بنگلا دیش کے اوپنر تنزید حسن شامل ہیں۔جسٹن گریوز نے جولائی میں سری لنکا اور پاکستان کے خلاف نمایاں کارکردگی دکھائی۔ سری لنکا کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے مقابلے میں انہوں نے 180 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ویسٹ انڈیز کی ایک صفر سے سیریز فتح میں اہم کردار ادا کیا۔انگلینڈ کے ہیری بروک نے بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں 5 میچوں کے دوران 229 رنز بنائے۔ ان کی بیٹنگ اوسط 114.50 جبکہ اسٹرائیک ریٹ 214.01 رہا، جس پر انہیں سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔بنگلا دیش کے تنزید حسن نے زمبابوے کے خلاف 3 ایک روزہ میچوں میں 159 جبکہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں 140 رنز بنائے۔ وہ دونوں فارمیٹس کی سیریز میں مجموعی طور پر سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز رہے۔