جوز بٹلر ٹی ٹوئنٹی کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر بن گئے
لاہور ( سپورٹس ڈیسک)انگلینڈ کے مایہ ناز بلے باز جوز بٹلر نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں نیا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کے سابق آل راؤنڈر کیرون پولارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا۔بٹلر نے یہ اعزاز دی ہنڈریڈ ٹورنامنٹ کے ایک میچ میں حاصل کیا، جہاں انہوں نے چھ چھکوں کی مدد سے 51 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور مانچسٹر سپر جائنٹس کو مسلسل تین شکستوں کے بعد کامیابی دلائی۔جوز بٹلر نے مارکو جینسن کی گیند پر چھکا لگا کر کیرون پولارڈ کے 14 ہزار 803 ٹی ٹوئنٹی رنز کا ریکارڈ توڑ دیا۔بٹلر اب 492 اننگز میں 14 ہزار 833 رنز کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں، جبکہ کیرون پولارڈ 663 اننگز میں 14 ہزار 803 رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔ویسٹ انڈیز کے سابق جارح مزاج بلے باز کرس گیل 455 اننگز میں 14 ہزار 562 رنز کے ساتھ اس فہرست میں تیسرے نمبر پر موجود ہیں، تاہم وہ اب تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائر ہو چکے ہیں۔