گول کے چند لمحوں بعد جمال موسیالا اچانک گر پڑے
جرمنی( سپورٹس ڈیسک)بائرن میونخ نے آر بی لائپزگ کو 1-3 سے شکست دے دی، تاہم میچ کے دوران جرمن اسٹار جمال موسیالا کے اچانک گرنے کے واقعے نے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی۔موسیالا متبادل کھلاڑی کی حیثیت سے میدان میں آئے اور تقریباً 15 منٹ بعد اچانک زمین پر گر پڑے، جس پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑی اور اسٹاف تشویش میں مبتلا ہوگئے۔ واقعے سے کچھ دیر قبل ہی موسیالا نے 81ویں منٹ میں گول کرکے بائرن کے شائقین کو خوش کیا تھا۔بعد ازاں انہیں میدان میں طبی امداد دی گئی اور وہ اپنے قدموں پر چلتے ہوئے میدان سے باہر گئے۔ جرمن میڈیا کے مطابق موسیالا کو اچانک چکر آنے کی شکایت ہوئی، جبکہ تقریباً 33 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت کو بھی اس کی ممکنہ وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔بائرن میونخ کے اسپورٹنگ ڈائریکٹر میکس ایبرل نے کہا کہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ موسیالا خیریت سے ہیں۔ ماضی میں ٹانگ اور ٹخنے کی سنگین انجریز کا شکار رہنے والے موسیالا کی صحت پر کلب گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور امید ہے کہ وہ جلد ٹریننگ میں واپس آجائیں گے۔