ضرورت پڑی تو ایران پر دوبارہ حملہ کریں گے، اسرائیلی وزیر دفاع کی دھمکی
تل ابیب( مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیل کے وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے کہا ہے کہ اگر ایران کی جانب سے دوبارہ کوئی خطرہ پیدا ہوا تو اسرائیل فوجی کارروائی سے گریز نہیں کرے گا اور ضرورت پڑنے پر پہلے سے زیادہ طاقت کے ساتھ حملہ کیا جائے گا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک فوجی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسرائیلی وزیر دفاع نے کہا کہ اسرائیلی فوج مکمل طور پر ہائی الرٹ ہے اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے ہر وقت تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر ایران کی جانب سے خطرات دوبارہ سامنے آئے تو اسرائیل اپنی فضائی برتری برقرار رکھنے اور خطرات کو ختم کرنے کے لیے دوبارہ کارروائی کرے گا۔اسرائیل کاٹز کا کہنا تھا کہ ضرورت پڑنے پر اسرائیلی فوج پہلے سے زیادہ مؤثر اور طاقتور انداز میں کارروائی کرے گی۔یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی بدستور برقرار ہے، جبکہ دوسری جانب امریکا اور ایران کے درمیان سفارتی رابطوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق اس نوعیت کے بیانات خطے میں کشیدگی میں مزید اضافے کا باعث بن سکتے ہیں۔