ایران کا امریکا کو انتباہ، حملے کا جواب حملے سے دیا جائے گا: قالیباف
تہران( مانیٹرنگ ڈیسک)ایران کے پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے امریکا کو سخت تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھمکیوں، دباؤ اور وعدہ خلافیوں کا اب بغیر جواب کے گزر نہیں ہوگا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں محمد باقر قالیباف نے کہا کہ امریکا کو واضح پیغام دینا چاہتا ہوں کہ اگر حملہ کیا گیا تو جواب بھی اسی انداز میں دیا جائے گا۔ایرانی اسپیکر نے آبنائے ہرمز کے معاملے پر امریکی دباؤ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ اہم بحری راستہ کسی دھمکی کے ذریعے نہیں بلکہ ایرانی انتظامات کے تحت ہی کھلے گا۔انہوں نے امریکا کو خبردار کیا کہ غیرضروری اقدامات سے گریز کیا جائے، کیونکہ اس طرح امریکا مزید مشکلات میں پھنس سکتا ہے۔محمد باقر قالیباف کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے اور آبنائے ہرمز کی صورتحال عالمی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔واضح رہے کہ امریکا نے ایران کے مختلف علاقوں، جن میں بندر عباس بھی شامل ہے، پر حملے کیے تھے۔ ان حملوں میں ایک فائر فائٹر کے جاں بحق ہونے اور ایک ریلوے پل کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔